top of page

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

یہ دل عرش اعظم بنا چاہتا ہے

یہ دل عرش اعظم بنا چاہتا ہے گھر اِس میں نبی کا ہوا چاہتا ہے

نہ پوچھو کہ بندے تو کیا چاہتا ہے فقط اک تمہاری رضا چاہتا ہے

عجب کیا جو انس وملائک ہیں شیدا تمہیں تو تمہارا خدا چاہتا ہے

غلاموں پہ کیوں کہ نہ تیرا کرم ہو تو دشمن کا بھی کب برا چاہتاہے

سبھی کی نظر ہے ترے دامنوں پر ہر اک انکی ٹھنڈی ہوا چاہتا ہے

خدا کی رضا کا ہے ہر ا یک طالب خدا تیرا تیری رضا چاہتا ہے

نہ کیوں دونوں عالم بنیں اس کے منگتا عرب والا سب کا بھلا چاہتا

ہر اک پیش خالق از ل سے ابد تک وسیلہ اسی ذات کا چاہتا ہے

عجب پیار مژدہ ہے یُحْبِبْکُمُ اللہ کہ بندوں کو ان کے خدا چاہتا ہے

کنارہ بہت دور کشتی شکستہ معاصی کا دریا چڑھا چاہتا ہے

خدا را خبر لو کہ کوہ ِگناہاں سرِنا تواں پر گرا چاہتا ہے

عطا اس کو ہوتی ہے فی الفور صحت جو اس در سے آکر دوا چاہتا ہے

نہ دنیا کی خواہش نہ جنت کا طالب فقط اک تمہاری رضا چاہتا ہے

رہے و رد دنیا میں نام مبارک قیامت میں ظل لوا چاہتا ہے

سہارا لگانا خدائے غریباں کہ اب غرق بیڑا ہوا چاہتا ہے

خدارا بلالو کہ بندہ تمہارا مدینے کی آب و ہوا چاہتا ہے

مدینے پہنچ کر دعا یہ کروں گا کہ بندہ یہیں پہ مرا چاہتا ہے

دم نزع للہ صورت دکھا دو کہ دنیا سے بندہ اٹھا چاہتا ہے

غلاموں کی قبروں کو پرنور کردو کہ بندوں کا اب دم گھٹا چاہتا ہے

نکیرین پردہ اٹھا کہ یہ کہہ دو کہ بندہ تمہیں دیکھنا چاہتا ہے

فرشتو! مرا حال دیکھے تو جاؤ مدینے سے پردہ اٹھا چاہتا ہے

مُنادی پکارے گا روز قیامت کہ دربار رحمت کھلا چاہتا ہے

فترضیٰ ہے شاہد کہ روز قیامت وہی ہوگا جو مصطفیٰ چاہتا ہے

تو ہو پہلے بندہ حبیب خدا کا اگر بندۂ حق بنا چاہتا ہے

جمیل اپنی جھولی بہت جلد پھیلا کہ طیبہ سے صدقہ ملا چاہتا ہے

قبالۂ بخشش

9 views
bottom of page